بھٹکل :19؍ مارچ (ایس اؤ نیوز) قریبی تعلقہ انکولہ میں منعقد ہ تعلیمی سماویش میں وزیر تعلیم برائے پرائمری اور ہائی اسکول بی سی ناگیش کی شرکت پر سرکاری پرائمری و ہائی اسکولوں کے مختلف مسائل کو حل کرنے اور بعض مطالبات کے ساتھ آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن(کرناٹکا) کی جانب سے ایک میمورنڈم پیش کیا گیا۔
آئیٹا کی جانب سے صدر محمد رضا مانوی نے میمورنڈم میں مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت پرائمری اور ہائی اسکول کے تعلیمی معیار میں اضافہ کرے۔ پرائمری و ہائی اسکولوں میں خالی اساتذہ کے عہدوں کو بھرتی کرے۔ طلبا کی صحت کا خیال رکھتےہوئے فزیکل ٹیچرس کی تقرری ہو۔ اسکولوں کے شروع ہونے سے پہلے ہی نصابی کتب دستیاب کئے جائیں۔ مہمان اساتذہ کا تعلیمی سال کے شروع میں ہی تقرر کیاجائے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ امدادی اسکولوں میں سال 1995سے کوئی تقرری نہیں ہوئی ہے فوری طورپر اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں۔ انگریزی میڈیم اسکولوں کو امداد دی جائے ۔ پرائیویٹ اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے اساتذہ کی ملازمت کو تحفظ دینے کے اقدامات کئے جائیں۔ میمورنڈم میں اس طرح کے کئی دیگر مطالبات کئے گئے ہیں۔